اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز)حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دورمنگل کو ہوگا، حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات منگل تک ملتوی کردیئے گئے، فریقین کی جانب سے مثبت پیش رفت کا اعلان کیا گیا ہے۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں جانب سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے، دوسری ملاقات منگل کو صبح 11 بجے ہوگی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ کوئی ڈیڈ لاک نہیں، دونوں فریقین کی تجاویز میڈیا میں شیئر نہیں کر سکتے، ہم تجاویز حکومت اور اتحادیوں کے سامنے رکھیں گے
دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز اہم نکات پر پیش رفت ہوئی اور انہیں آگے بڑھایا گیا۔
حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کا دوسرا دور بھی بے نتیجہ،ڈیڈ لاک برقرار
انہوں نے کہا کہ ہم نے خاطر خواہ پیش رفت حاصل کی، تحریک انصاف نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا، چھٹی کے باعث ہمارا اگلا اجلاس منگل کو ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا پارٹی چیئرمین عمران خان کو پیش رفت کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے، وقفہ ہے کہ ہم اپنی قیادت سے بات کریں اور وہ اپنے اتحادیوں سے بات کریں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ مذاکرات بہت اچھے ماحول میں ہوئے، انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے ساتھ گرفتاریوں کا معاملہ سارا عمل تباہ کر دے گا
فواد چوہدری نے کہا کہ معاملات کو بہتر کرنا ہے تو گرفتاریوں کا سلسلہ نہیں ہونا چاہیے۔ فرخ حبیب کو ایئرپورٹ پر روک لیا گیا
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین کے اندر رہ کر ہم نے اپنا مؤقف پہنچایا، وہ اپنی بات اپنی قیادت کے سامنے رکھیں گے، ماحول کو بہتر رکھنا ضروری ہے، ورنہ معاملات پٹڑی سے اتر جائیں گے۔