اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور ترکمانستان سے افغانستان کے راستے پاکستان کو مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی درآمد شروع کردی گئی ہے۔
چمن میں کسٹم حکام نے بتایا کہ برآمدی معاہدے کے تحت ترکمانستان سے 160 ٹن ایل پی جی کی پہلی کھیپ افغانستان کے راستے چمن بارڈر پر باب دوستی کے راستے پاکستان پہنچی۔
ریگولیٹری کارروائی کے بعد ان ٹینکرز کو پشاور روانہ کر دیا جائے گا، جبکہ مزید 10 ٹینکرز جن میں 600 ٹن ایل پی جی موجود ہے، اسپن بولدک سے کلیئرنس کے لیے سرحدی تجارتی ٹرمینل پہنچ گئے ہیں۔دوسری جانب قندھار کسٹم کے سربراہ مولوی محمد حامد احمد کے مطابق ترکمانستان سے کارگو کے 50 ٹینکرز بولدک پہنچ گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ افغانستان ٹرانزٹ روٹ کے ذریعے وسطی ایشیا سے پاکستان کو گیس کی برآمد میں کوئی رکاوٹ یا تاخیر نہیں ہوگی۔دوسری جانب ایل پی جی پلانٹ اونرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر سیدنسیم آغا نے بتایا کہ 6 ماہ قبل اسلام آباد میں ترکمانستان کے سفیر کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی تھی جس کے نتیجے میں ایک اعلیٰ سطحی وفد ترکمانستان گیا تھا اور ترکمانستان کے سفیروں کے ساتھ ملاقات کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں
ایل پی جی کی قیمتوں میں حیران کن کمی کا امکان
انہوں نے کہا کہ ترکمانستان کے پلانٹس میں ایل پی جی کی پہلی کمرشل ڈیل کرکے پاکستانی تاجروں کو تجارت کے نئے راستے تلاش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔