اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مزدوروں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
صدر عارف علوی
یوم مزدور کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم مئی پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معاشی خوشحالی میں کردار ادا کرنے کے باوجود محنت کش بہت سے مسائل کا شکار ہیں۔
دنیا بھر میں مزدوروں کی قربانیوں اور ان کے حقوق کو اجاگر کرنے کیلئے یوم مزدور منایا جا رہا ہے
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو غیر منصفانہ مزدوری اور کم اجرت، عدم تحفظ، کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومتیں محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف
دوسری جانب شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے۔ اس دن پوری قوم محنت کش طبقے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
مزدوروں کے لیے خوشخبری، حکومت نے اجرت بڑھانے کا فیصلہ کرلیا
شہباز شریف نے کہا کہ قوم ملکی ترقی میں کارکنوں کے کردار اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جب کہ اسلام سماجی انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں، موجودہ حکومت مزدوروں کے کام اور زندگی کے حالات بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔