اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ باجوہ کی شریفوں سے انڈرسٹینڈنگ تھی، انہوں نے بڑے مجرموں کا احتساب نہیں ہونے دیا۔
2018 میں جب حکومت سنبھالی تو 9 ارب ڈالر تھے، جب ہماری حکومت گرائی گئی تو آمدن میں 23 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔ ہم آتے ہی سب سے پہلے قانون کی حکمرانی قائم کریں گے۔
لاہور میں کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ لوگ الیکشن سے ڈرتے ہیں، آج لاہور لبرٹی چوک میں جلسے کی قیادت کروں گا۔ پرویز خٹک پشاور میں ریلی کی قیادت کریں گے، آئین کو تباہ کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، پوری قوم سپریم کورٹ اور آئین کے ساتھ کھڑی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ موقع ملا تو ہیلتھ ایجوکیشن کارڈ بھی لائیں گے، عام آدمی ہیلتھ کارڈ سے پرائیویٹ اسپتال میں علاج کروا سکتا ہے، ہیلتھ کارڈز، شیلٹرز جیسے فلاحی منصوبے بند کردیے گئے ہیں ، نگران حکومت لگائی گئی جو الیکشن نہیں کروانا چاہتی، ہم نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا، دو سال کی محنت سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین بنائی۔
انہوں نے کہا کہ کئی ممالک میں ای وی ایم کا استعمال ہو رہا ہے، ای وی ایم سے دھاندلی 90 فیصد تک ختم ہو جائے گی، ان دونوں پارٹیوں نے ای وی ایم کو نہیں آنے دیا، الیکشن کمیشن کو ہینڈلرز کنٹرول کرتے ہیں اقتدار میں آتے ہی ووٹنگ مشینیں لائیں گے، جنرل باجوہ کی شریفوں سے انڈرسٹینڈنگ تھی، انہوں نے بڑے مجرموں کا احتساب نہیں ہونے دیا۔