اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر عمران خان عدالتی اوقات میں پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت منسوخ کر دی جائے گی۔
کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے عمران خان کی ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کہاں ہیں؟ وکیل نعیم حیدر پنجوٹھہ نے کہا کہ وہ نہیں آسکتے اس لیے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ چیف جسٹس نے پوچھا استثنیٰ کی درخواست کہاں ہے جس پر وکیل نے جواب دیا کہ درخواست دائر کر دی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر درخواست گزار عمران خان مقررہ وقت پر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت خارج کر دی جائے گی۔ عدالتوں کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔ یا تو ہم نیچے آئے ہیں یا وہ اوپر آئے ہیں۔
عدالت نے سماعت عمران خان کی عدالتی اوقات میں پیشی تک ملتوی کردی۔