اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھا ایک روزہ میچ جیت کر پاکستان نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
2005 میں آئی سی سی رینکنگ کے باضابطہ طور پر جاری ہونے کے بعد پاکستان پہلی بار آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان کی رینکنگ پانچویں نمبر پر تھی۔پاکستان اس وقت آسٹریلیا اور بھارت سے اعشاریہ پوائنٹس کے حساب سے آگے ہے، اگر پاکستان پانچواں میچ جیت جاتا ہے تو اس کی برتری واضح ہو جائے گی، تاہم مئی کے وسط میں ون ڈے رینکنگ کی سالانہ اپ ڈیٹ کے بعد رینکنگ تبدیل ہو سکتی ہے۔
چوتھے ون ڈے میں فتح کے بعد پاکستان کے کل ریٹنگ پوائنٹس 113.483، آسٹریلیا کے ریٹنگ پوائنٹس 113.286 جب کہ بھارت کے ریٹنگ پوائنٹس 112.638 ہوگئے ہیں۔آئی سی سی کی باضابطہ ون ڈے رینکنگ جنوری 2005 میں شروع ہوئی .
رینکنگ کے بانی، برطانوی شماریات دان ڈیوڈ کینڈکس کا تیار کردہ فارمولہ ماضی میں ٹیموں کی پوزیشنوں کا اندازہ لگانے کے لیے پچھلی تاریخوں میں بھی لاگو ہوتا رہا ہے۔ماضی میں اس فارمولے کو لاگو کرتے ہوئے پاکستان آخری مرتبہ اگست 1991 میں پہلی پوزیشن پر تھا تاہم اس پوزیشن کی کوئی سرکاری حیثیت نہیں ہے۔