اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن نہ رکا، ڈاکٹر یاسمین راشد اور شیریں مزاری کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وسطی پنجاب کی صدر اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کو صوبائی دارالحکومت لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کی تصدیق پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس نے بھی کی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق صوبائی وزیر کو جس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے اس سے متعلق تاحال معلومات سامنے نہیں آئیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ رات پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق شیریں مزاری کو اسلام آباد میں ان کے گھر سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری کی تصدیق ان کی بیٹی ایمان مزاری نے کی تھی۔
ادھر پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی وزیر مبین خلجی کو بھی کوئٹہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مبین خلجی کو ایم پی او تھری کے تحت گرفتار کیا گیا، مبین خلجی کو کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
صوابی میں سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا، چھاپے کے وقت شہرام ترکئی وہاں موجود نہیں تھے۔
پولیس کے چھاپے کے بعد پی ٹی آئی رہنما شہرام ترکئی نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس نے میری غیر موجودگی میں میرے گھر پر چھاپہ مارا، پورے گھر کی تلاشی لی گئی، یہ ہمارے صوبے کی روایات نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹیڈ حکومت نہ تو اس نظریہ کو شکست دے سکتی ہے اور نہ ہی اس نظریہ کے پیروکاروں کو زیر کر سکتی ہے۔