اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں 9 مئی کے واقعات پر آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جی ایچ کیو میں منعقدہ اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، 9 مئی کو شرپسندوں کی جانب سے فوجی تنصیبات پر آتشزدگی اور حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے رینکس اور فائل میں شدید غم و غصہ ہے
کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا فیصلہ کیا گیا کہا گیا کہ بھڑکانے والے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے مجرموں سے بخوبی واقف ہیں۔
خصوصی کانفرنس میں گزشتہ دنوں امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، ایک سیاسی جماعت کی قیادت نے سیاسی مفادات کے لیے لوگوں کو استعمال کیا، کسی بھی حلقے سے امن و امان کے قیام میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا
کانفرنس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذر آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ ذاتی سیاسی ایجنڈے کے لیے ادارے کو بدنام کرنے کے منصوبے کے تحت کی گئی۔ آرمی چیف نے اس معاملے پر فوجی فارمیشنز کے صبر اور مضبوط ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایجنڈے کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملے کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی
شرمناک پروپیگنڈے کا مقصد مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے جبکہ مسلح افواج کے رینک اور فائل میں دراڑ پیدا کرنا ہے۔ پاکستان کی بھرپور حمایت سے دشمنان پاکستان کے ایسے تمام مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا جائیگا