اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ملک بھر میں یوم شہدائے پاکستان آج منایا جائے گا، شہداء کے لیے قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا جب کہ پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے شہداء کی یاد کو سلامی پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے مطابق 25 مئی کو ‘یوم شہدائے پاکستان منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
آج جی ایچ کیو، ایئر، نیول ہیڈ کوارٹرز اور دیگر کئی یادگاری تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جب کہ صوبائی دارالحکومت، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگاری تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
یوم شہدا کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ کسی کو شہداء کی لازوال قربانیوں کو ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض ہے
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہداء ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، آج پوری قوم کے لیے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہدائے پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، شہداء کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، ریٹائرڈ فوجی افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔