اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ایک ویڈیو بیان میں علی زیدی نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کافی سوچ بچار کے بعد پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دیتے ہوئے سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہم نے پاکستان کی خدمت کی اور پاکستان کے لیے سیاست میں آئے، میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں، ان کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں کیونکہ وہ ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ ہاں جو ہوا وہ غلط ہے، جو بھی اس میں ملوث ہے اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کافی سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا جو کہ مشکل فیصلہ تھا آسان فیصلہ نہیں تھا۔ خدمت کرنے کی کوشش کروں گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خسرو بختیار نے بھی پارٹی کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے مجھے پاکستان تحریک انصاف کے نظریے سے دور ہونے پر مجبور کیا، میں اب پارٹی کے سیاسی فلسفے کے ساتھ نہیں جا سکتا۔
خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال سے پی ٹی آئی سے دوری اختیار کر رکھی تھی، کور کمیٹی کی رکنیت اور جنوبی پنجاب کی چیئرمین شپ بھی چھوڑ دی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ایک سال قبل پارٹی قیادت سے کہا تھا کہ اداروں سے محاذ آرائی نقصان دہ ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقامی، صوبائی اور قومی منصوبوں کی ذمہ داریوں کا احاطہ کرنے کا میرا 25 سال کا تجربہ ہے، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل تقسیم اور محاذ آرائی کی سیاست میں نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 9 مئی سے پاکستان تحریک انصاف کے کئی ارکان نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔