اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر مجھے نااہل کیا گیا یا گرفتار کیا گیا تو پارٹی کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے اور مراد سعید مستقبل میں بڑے لیڈر بن کر ابھریں گے۔
عمران خان نے زمان پارک میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وقت جلد بدلے گا اور آنے والے دنوں میں بڑا سرپرائز دوں گا، میری فوج سے کوئی لڑائی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار کارکنوں کی رہائی کے لیے وکلا کی ٹیم سے مشاورت کی ہے، انشاء اللہ جلد عدالتوں سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل الیکشن کے علاوہ نہیں ہے
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ‘مجھے معلوم ہے کہ مجھے گرفتار کرنے، نااہل کرنے سمیت قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، گرفتار یا نااہل کیا گیا تو شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک سینئر پارٹی کے معاملات دیکھیں گے
عمران خان نے کہا کہ جو لوگ جا رہے ہیں ان میں سے کچھ مجبور ہوئے اور کچھ بے نقاب ہو گئے، نوجوان پارٹی کے لیے بہترین سرمایہ ہیں، ٹکٹ مستقبل میں ان کا حق ہے، الیکشن میں پی ٹی آئی جیتے گی۔
انہوں نے کہا کہ عارف علوی آئین کے مطابق کام کریں گے، آج بھی ریفرنڈم کرائیں اور نتیجہ دیکھیں کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔ یہ کیسے ممکن تھا کہ جب مجھے گولی ماری گئی تب تو توڑ پھوڑ نہ کی گئی؟
عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے خلاف سب کچھ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، جب ہم جیت رہے ہیں تو توڑ پھوڑ کا سہارا کیوں لیں گے۔