اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم سب نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سابق ایم این اے محمود مولوی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی واقعات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، بہت سے لوگ جیل گئے جو براہ راست ملوث نہیں تھے۔ جو ہوا اس کی ذمہ داری مشترکہ ہے کوشش تھی یہ نہ ہو۔
انہوں نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی آبادی 25 کروڑ ہے، 25 کروڑ کی آبادی کو نواز شریف، زرداری کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، پاکستان کے اندر غیر یقینی صورتحال ہے، پی ڈی ایم حکومت براہ راست ذمہ دار ہے، موجودہ حالات میں ہم PDM کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دے سکتے، ہم بحران کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مزید کہا ہے کہ ان کی پی ٹی آئی کی سابق قیادت سے بات ہوئی، اسد عمر، پرویز خٹک، اسد قیصر، علی زیدی اور حماد اظہر سے رابطہ کیا ہے، تمام لوگوں سے اچھی بات چیت ہوئی۔ ہم مسائل کے حل کی طرف بڑھیں گے، پاکستان کو مستحکم حل کی طرف بڑھنا ہو گا۔