اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز ) انگلش ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹیسٹ کرکٹ میں منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔
یکم جون کو انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان سیریز کا واحد ٹیسٹ میچ کرکٹ کے گھر لارڈز میں کھیلا گیا جو تیسرے دن انگلش ٹیم کی فتح کے ساتھ ختم ہوا۔
انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، آئرلینڈ نے دعوت قبول کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 172 رنز بنائے، اسٹورٹ براڈ نے 5، جیک لیچ نے 3 اور میتھیو پوٹس نے 2 وکٹیں لیں۔جواب میں انگلینڈ نے آئرلینڈ کے خلاف رنز کا ڈھیر لگا دیا، انگلش بلے بازوں نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 524 رنز بنائے اور پہلی اننگز میں واضح برتری حاصل کی۔
انگلش ٹیم کی جانب سے اولی پوپ نے 205 اور بین ڈکٹ نے 182 رنز بنائے۔تاہم آئرلینڈ نے دوسری اننگز میں کچھ مزاحمت کی اور 362 رنز بنائے تاہم انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف 11 رنز کا ہدف دیا گیا۔انگلینڈ نے ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے حاصل کر لیا اور اس طرح انگلش ٹیم نے ٹیسٹ میچ اور سیریز جیت لی۔کرکٹ کے شماریات دان مظہر ارشد کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی کپتان نے میچ میں باؤلنگ، بیٹنگ یا کیپنگ کے بغیر ٹیسٹ میچ جیتا ہو۔