اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ میں پی ٹی آئی میں ہوں، ہم سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ڈسٹرکٹ کورٹس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے سنجیدہ مذاکرات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سنجیدہ مذاکرات کے لیے بات کریں گے۔
صحافی نے سوال کیا کہ ‘رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے مذاکرات کے لیے بات کریں، کیا ان سے بات ممکن ہے؟’ جس پر اسد قیصر نے جواب دیا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں کیا مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ پہلے ماحول ٹھیک کریں پھر مذاکرات ہو سکتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے رابطے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی میں ہوں۔ میں چیئرمین پی ٹی آئی سے رابطے میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج میرے چار مقدمات ہیں۔
پارٹی کے منحرف رہنما جہانگیر ترین سے رابطے سے متعلق سوال کے جواب میں اسد قیصر نے کہا کہ جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ فواد چوہدری پی ٹی آئی سے رہنما لے رہے ہیں، کیا آپ سے کوئی رابطہ ہوا، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں پی ٹی آئی میں ہوں۔