اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو عدالتی حکم کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکلا اور تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں کو حوصلے اور برقرار رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر غروب آفتاب کے بعد طلوع ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف کے کارکنوں سے کہتا ہوں کہ انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے، میں اس تحریک کا حصہ ہوں جو آزاد پاکستان چاہتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک ماہ قید تنہائی میں گزرا، اب اپنا تجزیہ چیئرمین کو بتاؤں گا۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ خان صاحب سے ملاقات کے بعد میڈیا سے تفصیلی بات کروں گا، جیل میں بند بے گناہ کارکنوں کی رہائی کی کوشش کروں گا اور ان کے لیے قانونی جنگ لڑیں گے۔
عدالت کا شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے کا حکم
ان کا کہنا تھا کہ بچے پریشان تھے، میں نے بتایا تو انہوں نے مجھے اللہ کے حوالے کیا اور بہت سہارا دے کر میری حوصلہ افزائی کی، اللہ نے میری حفاظت کی، میں اپنی بہنوں اور اہل خانہ کا شکر گزار ہوں۔
قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے نظر بندی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کی فوری رہائی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو 3 روز میں بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی آئین اور قوانین کے مطابق پرامن سیاسی سرگرمیاں، پرامن احتجاج اور تقاریر کر سکیں گے، جب کہ وہ توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ کرنے کے احتجاج سے دور رہیں گے۔
سماعت کے دوران عدالت نے لاء آفیسر سے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے کوئی تقریر یا کوئی احتجاج کیا ہے تو بتائیں۔ کوئی سیاسی رہنما سیاسی جلسے میں اپنے الفاظ پر قابو نہیں رکھ سکتا۔ شاہ محمود قریشی کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو عدالت میں پیش کریں۔ لاء آفیسر نے جواب دیا کہ ہمیں 2 دن کا وقت دیا جائے۔
بعد ازاں عدالت نے نظر بندی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کی فوری رہائی کا حکم دے دیا۔