اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں نیشنل انرجی سیونگ پلان کے تحت ملک بھر کی مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت ہوگی
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر تجارت نوید قمر، وزیر مواصلات مولانا اسد محمود، پنجاب، خیبرپختونخوا کے نگراں وزرائے اعلیٰ اور صوبائی وزراء نے شرکت کی۔
قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں نیشنل انرجی سیونگ پلان پیش کیا گیا جس کے مطابق مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ 2 ہزار 700 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی گئی۔ آئندہ مالی سال جس میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 950 ارب روپے جبکہ بیرونی فنانسنگ میں 55 ارب روپے شامل ہیں۔
قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ توانائی کی بچت کے لیے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمرشل ایریاز رات 8 بجے بند ہوں گے، توانائی کی بچت کے لیے صوبائی حکومتیں ان پر عمل درآمد کریں گی ، توانائی کی بچت سے ملک کو سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت ہو سکتی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ ترقی کے لیے سیاسی استحکام بھی ضروری ہے۔ سی پیک منصوبہ ہمارے دور میں شروع ہوا، معیشت کو بہتر بنانے کے لیے برآمدات بڑھانا ہوں گی، تمام منصوبے کے لیے انٹرنیٹ کو فروغ دیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان کی جانب قدم بڑھا رہے ہیں، مستقبل میں مضبوط ڈیجیٹل سسٹم سے تیز رفتار ترقی ممکن ہوگی ۔