اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کے الزام میں چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف آئی اے لاہور نے مونس الٰہی کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا۔ کیس میں رشوت، منی لانڈرنگ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ مونس الٰہی نے بطور وفاقی وزیر آبی وسائل اربوں روپے کی کرپشن کی، کروڑوں روپے بطور رشوت وصول کیے، اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور مختلف محکموں میں اثر و رسوخ کے ذریعے غیر قانونی طور پر رقم کمائی۔ .
ایف آئی اے کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ مونس الٰہی نے کرپشن اور رشوت کے ذریعے کمائی گئی رقم کو لانڈرنگ کرکے اپنے فرنٹ مین عامر سہیل کے ذریعے اپنے خاندان اور دیگر ملزمان کے اکاؤنٹس میں جمع کرایا۔
متن کے مطابق ملزم عامر سہیل نے زہرہ الٰہی، مونس الٰہی، احمد فاران خان، ضیغم عباس، واجد بھٹی اور عامر فیاض کے اکاؤنٹس میں تقریباً 121.65 ملین (12.16 ملین روپے) جمع کرائے، تمام رقوم 2019 سے 2022 میں جمع کرائی گئیں۔
ایف آئی اے نے کیس میں لکھا کہ مونس الٰہی تحقیقات سے قبل ہی ملک سے فرار ہو گئے۔