اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سمندری طوفان بائپر جوئے کے خطرے کے پیش نظر کراچی کے ساحلوں پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سائیکلون بائپر جوئے کی شدت برقرار ہے، یہ طوفان گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مزید شمال مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے۔
سمندری طوفان کراچی سے 1040 کلومیٹر جنوب میں اور ٹھٹھہ سے 1020 کلومیٹر دور ہے۔
سندھ مکران کی ساحلی پٹی پر 13 جون کی رات سے 14 جون کی صبح تک تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا سائکلون وارننگ سینٹر سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے۔
موجودہ صورتحال پر کمشنر کراچی نے دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اس پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) جہانزیب خان نے کہا کہ سمندری طوفان بائپر جوئے نے رخ تبدیل کر لیا ہے اور شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے طوفان مکران کے ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ڈی جی پی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پوری صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہی ہے، پی ڈی ایم اے مکران کے ساحل پر دفعہ 144 کے نفاذ کے لیے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز سے مکمل رابطے میں ہے
جہانزیب خان کا کہنا تھا کہ ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں 300 خاندانوں کے لیے خوراک اور غیر خوراکی اشیاء گوادر بھیج رہی ہیں جب کہ پاک فوج، کوسٹ گارڈ، ایف سی اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطہ ہے، 2 ریسکیو کشتیاں حوالے کر دی گئی ہیں۔