اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر محمد شاہ کو ہٹانے بھی کا فیصلہ کیا ہے جب کہ سندھ کے سیکریٹری اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو بھی عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی جانب سے دونوں عہدیداروں کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
مفتاح اسماعیل کی پارٹی سے ناراضگی موجودہ حکومت میں اس وقت کھل کر سامنے آئی جب حکومت نے مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹا کر اسحاق ڈار کو وزارت دینے کا فیصلہ کیا۔
مفتاح اسماعیل دو بار وزیر خزانہ رہ چکے ہیں، جس میں وہ پہلی بار شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں وزیر خزانہ رہے، جب کہ دوسری بار وہ شہباز شریف کی کابینہ میں وزیر خزانہ رہے۔
مفتاح اسماعیل کئی بار اسحاق ڈار کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں جب کہ وہ آئی ایم ایف سے ڈیل پر کئی بار وزیر خزانہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی مفتاح اسماعیل کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا کئی بار جواب دے چکے ہیں۔
آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے اپنے ایک تازہ بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پہلے وزارت خزانہ فیصلہ کرے کہ ہم آئی ایم ایف پروگرام کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔