اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1200 میگاواٹ کے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا معاہدہ ایک اور سنگ میل ہے، اس معاہدے سے پاک چین اقتصادی تعلقات کو فروغ ملے گا۔
چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کے لیے پرعزم ہے، چین کی جانب سے 4.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مثبت قدم ہے، یہ معاہدہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے میں تاخیر ہوئی تو چین نے ہماری مدد کی۔ میں پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 1200 میگاواٹ کے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا معاہدہ ایک اور سنگ میل ہے، اس معاہدے سے پاک چین اقتصادی تعلقات کو فروغ ملے گا، چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 1200 میگاواٹ ہے، منصوبے کی کل لاگت 400 ارب ڈالر ہے۔ پچھلی حکومت نے اس منصوبے کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں مہنگائی کے باعث قیمتیں بڑھی ہیں، چینی کمپنی نے مہنگائی کے باوجود قیمتیں نہیں بڑھائیں، میری درخواست پر چینی کمپنی نے 30 ارب روپے کی چھوٹ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس منصوبے میں پاکستان کی موجودہ عسکری قیادت کی دلچسپی پر شکر گزار ہیں، جس کا نتیجہ سول اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔ .
چین اور پاکستان نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، تقریب میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال اور خرم دستگیر بھی موجود تھے۔