اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز گال اور کولمبو میں کھیلی جائے گی جب کہ ٹیم دو روزہ وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جولائی تک گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں پاکستانی ٹیم نے گزشتہ سال 342 رنز کا ہدف عبور کرنے کے بعد ٹیسٹ میچ چار وکٹوں سے جیتا تھا جو اس گراؤنڈ پر سب سے زیادہ ہدف عبور کر کے ٹیسٹ جیتنے کا ریکارڈ ہے۔کولمبو کا سنہالیز اسپورٹس کلب 24 سے 28 جولائی تک دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں
دورہ سری لنکا کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان
پاکستانی ٹیم نے آخری بار سنہالیز اسپورٹس کلب میں 2014 میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا، اس میدان میں پاکستانی ٹیم نے چھ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، جن میں سے اسے ایک جیتا، ایک میں شکست ہوئی ہے جبکہ چار ڈرا ہوئے ہیں۔پاکستانی کرکٹ ٹیم 9 جولائی کو کولمبو پہنچے گی۔ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم 11 اور 12 جولائی کو دو روزہ وارم اپ میچز بھی کھیلے گی۔
مزید پڑھیں
سری لنکن اسپن جادو کا توڑ تلاش کرنے کیلئے کرکٹ ٹیم کا کیمپ آج سے شروع ہوگا
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے آخری بار سری لنکا کا دورہ گزشتہ سال جولائی میں کیا تھا جہاں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی، دونوں ٹیسٹ میچ گال میں کھیلے گئے تھے۔پاکستان نے پہلا ٹیسٹ چار وکٹوں سے جیتا، سری لنکا نے دوسرا ٹیسٹ 246 رنز سے جیت کر سیریز برابر کر دی۔واضح رہے کہ یہ پاکستانی ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 کی پہلی سیریز ہے۔