163
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) متحدہ عرب امارات میں ایک تعمیراتی کمپنی کے مالک پر ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہیں ادا نہ کرنے پر اڑھائی ملین درہم (پاکستانی 83 کروڑ 88 لاکھ 54 ہزار) جرمانہ کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دبئی کی تعمیراتی کمپنی پر لیبر کورٹ کی جانب سے جرمانہ عائد کیا گیا۔ عدالتی حکم کے مطابق جرمانے کی رقم 250 ملازمین میں برابر تقسیم کی جائے گی۔ ایک ملازم کو 5 ہزار درہم ملیں گے۔
لیبر کورٹ نے اپنے فیصلے میں کمپنیوں کے مالکان کو متنبہ کیا کہ وہ ملکی قوانین کی پاسداری کریں اور ہر ممکن صورت میں ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کریں۔عدالتی فیصلے کے بعد لیبر کورٹ کے قانونی مشیر نے کہا کہ ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں فوری آگاہ کریں۔
ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کمپنی کے خلاف ملازمین کی جانب سے لیبر کورٹ میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔سماعت کے دوران کمپنی کے مالک نے موقف اختیار کیا کہ مسلسل خسارے اور خراب مالی حالات کے باعث ملازمین کی تنخواہیں ادا نہیں کر سکتے۔