اردوورلڈ کینیڈا (ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم سینٹر آف ایکسی لینس (لمز) کا افتتاح کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم اسلام آباد میں افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق لمز کے قیام کا مقصد فوڈ سیکیورٹی اور زرعی برآمدات میں اضافہ اور درآمدات کو کم کرکے قومی خزانے پر بوجھ کم کرنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے اندر کروڑوں غیر کاشت اراضی کو لمز کے تحت زیر کاشت لایا جانا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے LIMs کے تحت زرعی پیداوار کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ عالمی ادارہ خوراک کے مطابق 36.9 فیصد پاکستانی غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں اور 18.3 فیصد پاکستانی خوراک کے شدید بحران کا شکار ہیں۔
منصوبے کے تحت کسانوں کو موسم کی تبدیلی، فصلوں کی سیٹلائٹ مانیٹرنگ، پانی، کھاد اور سپرے کے استعمال کے بارے میں بروقت معلومات فراہم کی جائیں گی، اس کے علاوہ منڈیوں تک براہ راست رسائی بھی دی جائے گی۔
اس منصوبے میں سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین کو شامل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔