اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)25 جون سے اب تک ملک بھر میں بارشوں سے کتنا نقصان ہوا؟ رپورٹ جاری کردی گئی
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں 76 افراد ہلاک جب کہ 133 افراد زخمی بھی ہوئے۔
حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں 25 جون سے ہونے والی بارشوں کے باعث 76 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں پنجاب میں 48 اور خیبرپختونخوا میں 48 افراد شامل ہیں
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 48، خیبرپختونخوا میں 20، بلوچستان میں 5 اور آزاد کشمیر میں 3 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 30 مرد، 15 خواتین اور 31 بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق زخمیوں کی تعداد 133 ہے جن میں 49 مرد، 38 خواتین اور 48 بچے شامل ہیں جب کہ ملک بھر میں 78 مکانات کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب گجرات کے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین سمیت انتظامی افسران نے دریائے چناب کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین نے بتایا کہ دریائے چناب میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر کوٹ غلام کے قریب دو امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ ہیڈ خانکی پراپ سٹریم 54404 کیوسک، ڈاون سٹریم میں پانی کا بہاؤ 47300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔