اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کی شرکت پر غیر یقینی صورتحال کے سائے منڈلانا شروع ہو گئے۔
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا کپ جیسے ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان کو بھی غیر جانبدار مقام کی درخواست کرنے کا حق حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں
ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ ، وزیراعظم نے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دیدی
انہوں نے بی سی سی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میری وزارت کے ماتحت آتا ہے، اگر بھارت اپنے ایشیا کپ کے میچز غیر جانبدار مقام پر کھیلنے کا مطالبہ کرتا ہے تو ہم بھارت میں آئندہ ورلڈ کپ کے لیے بھی یہی مطالبہ کریں گے۔
مزید پڑھیں
ورلڈ کپ؛ پاکستان کو وہیں کھیلنا چاہیے جہاں میچ شیڈول ہے، وسیم اکرم
احسان مزاری نے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ کا میزبان ہے اور تمام میچز کرانے کا حق رکھتا ہے، شائقین کرکٹ یہی چاہتے ہیں کہ ہم ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کریں۔بھارت کے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کے بعد، ایشیا کپ 2023 ایک ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا، پاکستان اور سری لنکا اس ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔