اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سویڈن میں مسجد کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے تمام مذاہب کے احترام کے حوالے سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں جمع کرائی گئی قرارداد پر ووٹنگ کا امکان ہے تاہم امریکا، برطانیہ اور فرانس نے قرارداد کی مخالفت کی۔
پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی گئی قرارداد میں قرآن پاک کی بے حرمتی سمیت ہر قسم کی مذہبی منافرت کی مذمت کی گئی ہے اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
بے حرمتی کے واقعات میں ملوث عناصر کو سزا دینے کے لیے ایسے قوانین بنائے جائیں۔ نفرت، دشمنی اور تشدد کو ہوا دینے والوں سے بھی نمٹا جائے۔قرارداد میں اقوام متحدہ کی کونسل کے سربراہ سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مختلف ممالک کے قوانین میں موجود خامیوں کی نشاندہی کریں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ویڈیو لنک میں کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اس خیال سے کی گئی کہ اس شخص کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی ضروری ہے لیکن نفرت انگیز تقاریر کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔فرانسیسی سفیر نے کہا کہ انسانی حقوق لوگوں کا تحفظ کرتے ہیں، مذاہب، عقائد یا ان کی علامتوں کا نہیں۔ اقوام متحدہ یا کسی بھی ملک کو یہ بتانے کا کوئی حق نہیں کہ مقدس کیا ہے۔برطانوی سفیر نے کہا کہ اس بات کی وضاحت کرنا مشکل ہے کہ آزادی اظہار کہاں ناقابل قبول ہو جاتی ہے جب کہ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا مسودے کے خلاف ووٹ دے گا۔