اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)آرمی چیف سید عاصم منیر کی ایرانی حکام سے ملاقاتیں ،پاکستان اور ایران نے انٹیلی جنس شیئرنگ اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف موثر کارروائیوں کے ذریعے سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ایران کے مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری سمیت ایران کی عسکری قیادت سے ملاقات کی۔دونوں اطراف کے فوجی کمانڈروں نے اتفاق کیا کہ دہشت گردی خطے کے لیے بالعموم اور دونوں ممالک کے لیے بالخصوص مشترکہ خطرہ ہے۔
آرمی چیف نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ایچ ای حسین امیر عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
آرمی چیف کو ان کی آمد پر ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ملٹری ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔