اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اگر اسمبلیاں 12 اگست کو مدت پوری کرتی ہیں تو 11 اکتوبر تک انتخابات کرائیں گے اور اگر اسمبلیاں پہلے تحلیل ہوئیں تو 90 دن میں انتخابات کرائے جائیں گے۔
یہ بات الیکشن کمیشن حکام نے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ الیکشن کمیشن کے سیکرٹری، سپیشل سیکرٹری اور پولیٹیکل فنانس ونگ کے حکام نے بریفنگ دی۔
الیکشن کمیشن حکام نے واضح کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے، انتخابی اخراجات کی حد سے زیادہ خرچ کرنے والے امیدوار اور سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔حکام کا کہنا تھا کہ پولیٹیکل فنانس ایم آئی ایس ایف بی آر، اسٹیٹ بینک، نادرا، ایس ای سی پی سمیت 6 اداروں سے معلومات حاصل کرے گا، سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی کڑی جانچ پڑتال کے بعد انتخابی اخراجات زیادہ ہونے پر آئین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پرھیں
ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے 8اگست کو اسمبلی تحلیل کرنے پر اتفاق کرلیا،ذرائع کا دعویٰ
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن 90 یا 60 دن میں انتخابات کے لیے تیار ہے، الیکشن کمیشن نے پرانی حلقہ بندیوں پر انتخابات کی تیاری کرلی ہے، نئی مردم شماری کا نوٹیفکیشن ہوا تو قانون اور آئین کے مطابق فیصلہ کریں گے۔اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 2022 میں مردم شماری 2017 کے تحت حلقہ بندیوں کی حد بندی کی ہے، اگر اسمبلیاں 12 اگست کو اپنی مدت پوری کرتی ہیں تو 11 اکتوبر تک انتخابات کرائیں گی اور اگر اسمبلیاں پہلے تحلیل ہوئیں تو 90 دن میں انتخابات ہوں گے۔سپیشل سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کا معاملہ عدالتوں میں زیرسماعت ہے، پانچوں ہائی کورٹس کے رجسٹرارز نے جوڈیشل افسران کو آر اوز فراہم کرنے کے لیے خط لکھ دیا، تاحال ہائی کورٹس سے کوئی جواب نہیں آیا۔