اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت 24 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف فوجداری کیس کی سماعت ہوئی، ان کے وکیل بیرسٹر گوہر اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔
بیرسٹر گوہر نے آج چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت سے استدعا کی کہ چونکہ پی ٹی آئی چیئرمین کو سپریم کورٹ نے پیر کو طلب کیا ہے اس لیے انہیں حاضری یقینی بنانے کے لیے بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا جائے اور پیشی کے بعد سپریم کورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کی جائے۔
سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نیاز اللہ نیازی نے روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل پر اعتراض کیا۔
سماعت کے دوران جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیئے کہ کیس کی فائل میں استثنیٰ کی درخواست کے سوا کچھ نہیں، آپ روزانہ کی بنیاد پر سماعت پر اعتراض کر رہے ہیں، آپ کی استثنیٰ کی درخواست ہمیشہ منظور کی گئی جب کہ ملزم ایک بار بھی پیش نہیں ہوا۔
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی چیئرمین کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 24 جولائی تک ملتوی کردی۔