اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بنگلہ دیش میں مسافروں سے بھری بس تالاب میں گرنے سے 17 افراد جاںبحق اور 35 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جہاں ضلع جھلکٹھی صدر کے علاقے چھتر کنڈا میں مسافروں سے بھری بس تالاب میں گر گئی۔
باریشال جانے والی بس میں 52 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی لیکن باریشال کھلنا ہائی وے پر چھتر کنڈا کے علاقے میں تالاب میں گرنے والی بس میں 60 افراد سوار تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 17 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ 35 افراد زخمی ہوئے۔انتظامیہ کی جانب سے حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور کو ٹھہرایا جا رہا ہے جب کہ بس گرنے کی وجہ بس میں مسافروں کا زیادہ ہونا بھی بتایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب حادثے میں بچ جانے والے مسافر کا کہنا ہے کہ وہ بھنڈاریا سے بس میں سوار ہوا اور بس مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی جب کہ لوگ بھی بس کے کوریڈور میں کھڑے تھے۔مسافر نے بتایا کہ میں نے دیکھا کہ ڈرائیور سپروائزر سے بات کر رہا تھا اور اسی دوران بس سڑک سے اتر کر تالاب میں گر گئی۔