اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والوں کو سخت ترین سزا کا سامنا کرنا چاہیے۔
سویڈن میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے آیت اللہ خامنہ ای نے جاری بیان میں کہا کہ سویڈن قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کے لیے جنگ کی صف میں داخل ہو گیا ہے۔
تمام عالم اسلام اس بات پر متفق ہیں کہ قرآن کی بے حرمتی کرنے والے سخت سزا کے مستحق ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سویڈش حکومت مجرموں کو اسلامی ممالک کے عدالتی نظام کے حوالے کرے۔آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ قرآن کریم کی بے حرمتی کرنے والوں نے مسلم دنیا میں اپنے لیے نفرت اور دشمنی کے جذبات پیدا کیے ہیں۔واضح رہے کہ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں عیدالاضحی کے موقع پر ملعون عراقی شخص سلوان مومیکا نے مسجد کے باہر قرآن پاک کو آگ لگا دی۔گزشتہ دنوں اسی ملعون نے ایک بار پھر پولیس کی سخت حفاظت میں عراقی سفارت خانے کے باہر نہ صرف قرآن پاک کی بے حرمتی کی بلکہ عراقی پرچم کو بھی روند ڈالا۔