اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث 9 افراد جاں بحق ،7 زخمی
پی ڈی ایم اے نے صوبے میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے اعدادوشمار جاری کر دیئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں شدید بارشوں کے باعث حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے 7 مکانات تباہ ہوئے جبکہ 67 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، لوئر چترال میں سیلاب سے 39 مکانات کو جزوی اور اپر چترال میں 19 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
محکمہ ریلیف کے سیکرٹری کے مطابق بارش اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے لیے 6 کروڑ روپے، چترال اپر اور چترال لوئر کے لیے 2 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ بنوں اور شانگلہ کے لیے ایک ایک کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ ریلیف کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اپر چترال کے متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے اور لوئر چترال کے حساس علاقوں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دیر لوئر روڈ کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔