اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بعد بلوچستان میں بھی بارش نے تباہی مچا دی، مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔
بلوچستان کے شہروں میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاٹک کے علاقے بسیمہ اور قریبی علاقوں میں بارش اور ریلوں نے تباہی مچا دی، سیلابی ریلہ شہری آبادی میں داخل ہوگیا جس کے باعث کئی مکانات، دکانیں اور ہوٹل منہدم ہوگئے، اس کے علاوہ بارش سے نشیبی علاقوں میں فصلیں تباہ ہوگئیں۔
آواران کے علاقوں میں بارش کے بعد مقامی ندی میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا، حفاظتی بند ٹوٹنے کا بھی خدشہ ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب سندھ کے شہر دادو میں کیرتھر کے پہاڑی سلسلوں پر موسلا دھار بارش ہوئی جب کہ میہڑ اور گردونواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
اس کے علاوہ حیدرآباد، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، خیرپور، کوٹ ڈیجی، نوشہرو فیروز اور پڈعیدن سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی۔
واضح رہے کہ بادل پھٹنے، گلیشیئرز کے پگھلنے اور بارشوں سے کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی، آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے نالہ تہجیاں میں سیلابی ریلے سے مسجد سمیت 4 گھر بہہ گئے، علاقے میں بجلی اور انٹرنیٹ سروس شدید متاثر ہے۔