اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) قرآن پاک کی بے حرمتی کا ایک اور افسوسناک واقعہ ڈنمارک میں پیش آیا جس میں دو افراد نے عراقی سفارت خانے کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈینش پیٹریاٹس نامی اسی گروپ نے گزشتہ ہفتے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔
اس سے قبل سویڈن میں گزشتہ چند دنوں کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کے دو واقعات رونما ہوچکے ہیں جب کہ ایران اور عراق میں بھی ہزاروں افراد سویڈن اور ڈنمارک کے خلاف مظاہرے کرچکے ہیں۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی ہفتے کے روز ایک بیان میں مجرموں کو اسلامی ممالک کے عدالتی نظام کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
سویڈن کے بعد ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی
یاد رہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کا پہلا واقعہ گزشتہ ماہ 29 جولائی کو عید الاضحیٰ کے دن سویڈن میں پیش آیا تھا جس میں ملعون عراقی شہری سلوان مومیکا نے پولیس کی سیکیورٹی میں مسجد کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی تھی۔اس واقعے کے ردعمل میں عراق میں مشتعل مظاہرین نے سویڈن کے سفارت خانے پر حملہ کیا، اس میں توڑ پھوڑ کی اور عمارت کو آگ لگا دی۔
عراق میں مظاہروں کے ردعمل میں سلوان مومیکا نے سویڈن میں عراقی سفارت خانے کے باہر ایک بار پھر قرآن پاک کی بے حرمتی کی جس کی مسلم دنیا میں شدید مذمت کی گئی۔پوپ فرانسس نے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مذہبی کتاب کی بے حرمتی قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے