اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)صنعتکاروں اور تاجروں نے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کارخانے بجلی کے نئے نرخوں پر نہیں چلیں گے ہم بند کردیں گے اور برآمدی آرڈرز پورے نہیں کر سکیں گے۔
لاہور چیمبر کے نائب صدر عدنان بٹ اور صنعتکار محمد خالد نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں ایک بار پھر ساڑھے 7 روپے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا، گھریلو، کمرشل اور صنعتی یونٹس اوسطاً 50 روپے تک پہنچ گئے، آئی ایم ایف نے اخراجات اور نقصانات کم کرنے کا مطالبہ کیا، حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے زندگی اجیرن کر دی
صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ بجلی کے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے اور متبادل سستے وسائل سے بجلی پیدا کی جائے، بجلی کی قیمتوں میں دن بدن اضافے سے گاڑیاں نہ چلنے اور مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا۔
صنعتکاروں کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں معاشی پہیہ پہلے ہی رک چکا ہے، اب بجلی مہنگی ہونے کے باعث مزید ایکسپورٹ آرڈرز لینا بند کر دیے ہیں، بہت جلد سڑکوں پر آکر ملک گیر احتجاج کی کال دیں گے۔