اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) نائیجر میں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے والے صدارتی گارڈز کے کمانڈر جنرل عبدالرحمن چیانی عرف جنرل عمر چیانی نے خود کو ریاست کا سربراہ قرار دیا۔
حالیہ دنوں میں افریقی ملک نائجر میں فوج نے ایک بغاوت کے ذریعے منتخب صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ الٹ دیا۔
منتخب صدر اب بھی فوجی حراست میں ہیں۔تاہم اب فوجی بغاوت کرنے والے نائجر آرمی کے جنرل عبدالرحمان نے حکومت سنبھالنے کا اعلان کر دیا۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عبدالرحمٰن نے کہا کہ حکومت کا تختہ الٹنے کا فیصلہ سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بیڈ گورننس کی وجہ سے کیا گیا۔انہوں نے خود کو نیشنل کونسل فار ہوم لینڈ سیکیورٹی کا سربراہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں
افریقی ملک نائجر میں فوج نے حکومت کا تختہ الٹ دیا
بغاوت کرنے والے جنرل عبدالرحمان کے ترجمان کرنل میجر عمادو عبد رامانے کے مطابق ملک میں آئین معطل کر دیا گیا ہے اور قومی سلامتی کونسل کے سربراہ جنرل عبدالرحمان ملک کے صدر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کونسل فار ہوم لینڈ سکیورٹی تمام انتظامی اور قانونی اختیارات استعمال کر سکے گی۔واضح رہے کہ نائجر میں فوجی بغاوت کے بعد سے تمام سرحدیں بند ہیں اور ملک میں کرفیو نافذ ہے، اس کے علاوہ تمام ادارے بند ہیں۔