170
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع نوہ میں بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کے جلوس کے دوران جھڑپیں ہوئیں، جس کے دوران 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہریانہ فسادات نے گڑگاؤں اور گروگرام کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ گڑگاؤں میں جھڑپوں کے دوران مظاہرین نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی اور دکانوں میں توڑ پھوڑ کی۔
شدت پسندوں نے گزشتہ رات گروگرام میں ایک مسجد پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں نائب امام شہید ہو گئے۔ہنگامے پھوٹنے کے بعد ہریانہ میں حالات پر قابو پانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی، دوسری جانب تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے، ہریانہ کے محکمہ داخلہ نے وفاقی حکومت سے اضافی نفری طلب کر لی۔دوسری جانب ہریانہ کے مندر میں پھنسے اڑھائی ہزار افراد کو بچا لیا گیا ہے، جب کہ 20 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نے مظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔