اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت کا کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے سے انکار پورے خطے کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہےکشمیر کے یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیے چار سال گزر چکے ہیں
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو کمزور کرنے کے لیے کشمیری آبادی میں تبدیلیاں لانے کی کوشش کی ہے۔ بھارت کے حالیہ اقدامات کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کے مذموم عزائم کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے بھارتی حکام نے حلقوں کی حد بندی کی، لاکھوں غیر کشمیریوں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے اور موجودہ ووٹر لسٹوں میں ردوبدل کے لیے لاکھوں عارضی رہائشیوں کو شامل کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ تمام اقدامات کشمیر کی آبادی اور سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنے کی سوچی سمجھی بھارتی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ پاکستان ایسے تمام یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتا ہے۔ کشمیر پر وحشیانہ قبضہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ بنیادی انسانی حقوق کے عالمی تسلیم شدہ اصولوں کا بھی مذاق اڑانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں ظلم و ستم جاری رکھے ہوئے ہے، عالمی برادری کو اس معاملے پر خاموش نہیں رہنا چاہیے، بھارت 7 دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر غاصبانہ قبضہ کر رہا ہے اور اس دوران فوجی محاصرہ اور میڈیا بلیک آؤٹ ہے۔ ان تمام عوامل کے باوجود بھارت بہادر کشمیریوں کو خاموش کرانے میں ناکام رہا ہے اور کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی میں تیزی آئی ہے۔