اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور دیگر سیاستدانوں کے خلاف مقدمات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔
اپنے بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکی ترجمان نے کہا کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان بھی جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام کا مطالبہ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔ انہیں اٹک جیل منتقل کر دیا گیا۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر عمران خان ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا نہ کریں تو انہیں مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہو گی۔
عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2018 سے 2022 کے دوران وزارت عظمیٰ کے دوران غیر ممالک سے کم قیمت پر قیمتی تحائف حاصل کیے اور پھر ان تحائف کو 635,000 ڈالر میں فروخت کیا۔عمران خان کے تحائف میں سعودی عرب کی ایک قیمتی گھڑی بھی شامل ہے جس میں خانہ کعبہ کا ماڈل ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت 60 سے 65 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔