اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)نواب شاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس کی کم از کم 10 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 28 مسافر جاں بحق جب کہ 80 سے زائد زخمی ہو گئے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کراچی سے حویلیاں جارہی تھی، کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس سرہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
اس حوالے سے ڈی ایس ریلوے محمود الرحمان کا کہنا ہے کہ نواب شاہ کے قریب 10 بوگیاں پٹری سے اترنے کی اطلاعات ہیں، حادثے کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں درجنوں خواتین، مرد اور بچے زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئی ہیں جبکہ ریلوے حکام اور قریبی علاقوں کے مقامی لوگ امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
نوابشاہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، دور دراز کے علاقے میں کسی حادثے کی صورت میں امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔