اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز ) دبئی ایئرپورٹ پر اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک ریچھ عراقی طیارے سے فرار ہوکر رن وے پر یہ سمجھ کر چلنے لگا کہ یہ اس کا ڈومین ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مسافر عراقی طیارے کے کارگو ہولڈ میں ریچھ کو بے ہوشی کی حالت میں رکھا گیا تھا تاہم طیارے کے اڑان بھرنے سے پہلے ہی اسے ہوش آیا۔
طیارے کے تمام مسافر اور عملہ ٹیک آف کے لیے تیار تھا جب پائلٹ رن وے پر ریچھ کو دیکھ کر حیران رہ گیا۔ ایوی ایشن کو بلایا گیا اور کافی تگ و دو کے بعد ریچھ کو پکڑ کر دوبارہ بے ہوشی کر کے جہاز پر چڑھایا گیا۔اس عمل میں کافی وقت لگا اور پرواز میں تاخیر ہوئی جس پر مسافر برہم ہوگئے اور عملے سے جھگڑنے لگے اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔عراقی پرواز کے عملے نے اس واقعے سے خود کو بری الذمہ قرار دے کر اصرار کیا کہ دبئی ایئرپورٹ کے عملے نے ریچھ کو بے ہوش کر دیا تھا۔عراقی ایئر ویز کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ریچھ کو دبئی سے بغداد کے لیے اڑایا جا رہا تھا تاہم انھوں نے ریچھ کے مالک کا نام بتانے سے انکار کر دیا۔