اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان کے یوم آزادی پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے گزشتہ 7 دہائیوں میں بہت سی مشکلات کا سامنا کیا، اللہ کا شکر ہے کہ اب ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں یہ عظیم نعمت عطا کی، بابائے قوم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسلاف اور بانیان پاکستان کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں رہ رہے ہیں، پاکستان کے قیام کا مقصد اسلامی اقدار اور روایات کے مطابق جمہوری نظام کا قیام تھا۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم نفرت اور انتہا پسندی کو ترک کر کے جمہوری روایات کو اپنانا ہو گا، خواتین اور نوجوانوں کی شمولیت کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہماری مسلح افواج نے مادر وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو آزادی کی نعمت سے محروم کرنا دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے۔