اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )کینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کو ایک دہائی میں بدترین قرار دیا گیا ہے، برٹش کولمبیا کے صوبے نے ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے مغربی کیلونا شہر شدید متاثر ہوا ہے جہاں مکانات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے جب کہ برٹش کولمبیا کے صوبے نے سرکاری طور پر ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔
برٹش کولمبیا کے چیف ڈیوڈ ایبے نے خبردار کیا ہے کہ آگ کے نتیجے میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور آنے والے دنوں میں ہمیں بہت مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اطلاعات کے مطابق میک ڈوگل کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے 24 گھنٹوں میں 6,800 ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے تقریباً 4,800 افراد کو نقل مکانی پر مجبور کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کینیڈا کے مغربی علاقے سے تقریباً 22,000 افراد اپنے گھر بار چھوڑ چکے ہیں۔
آگ سے متاثرہ علاقے کے مکینوں کو بچانے کے لیے انہیں سڑکوں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
برٹش کولمبیا کے سربراہ ڈیوڈ ایبے کا کہنا ہے کہ اس سال ہمیں جنگل میں لگنے والی بدترین آگ کا سامنا ہے جو تیزی سے بڑھ رہی ہے، اسی لیے صوبے میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہم لوگوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔