اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )اسلام آباد میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی عدالت قائم کی گئی جس میں شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کو خصوصی عدالت کا جج مقرر کردیا گیا ہے جو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی سماعت کرے گی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تصدیق کی ہے کہ آفیشل سیکرٹس ایکٹ کے تحت ملک بھر میں صرف ایک عدالت قائم کی گئی ہے جس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ان کیمرہ کارروائی ہوگی۔
ادھر آج عدالت میں پہلے کیس کی سماعت ہوئی، تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے شاہ محمود قریشی کے خلاف ان کیمرہ سماعت کی، اس دوران کمرہ عدالت میں موجود غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال دیا گیا، عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
ایف آئی اے کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا، ایف آئی اے نے شاہ محمود قریشی کا تیرہ روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کرلیا۔