اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )احتساب عدالت نے سرکاری ٹھیکوں میں گھپلوں اور کک بیکس کیس میں پرویز الٰہی کا 29 اگست تک ریمانڈ منظور کرلیا۔سماعت کے دوران نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے مزید 14 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے 29 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
وکیل امجد پرویز نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی کی بار بار گرفتاری کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کو 21 اگست تک کیس کی سماعت اور فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا، لاہور ہائیکورٹ میں تاحال کیس کی سماعت نہیں ہوئی، اگر عدالت پرویز الٰہی کا مناسب وقت کے لیے جسمانی ریمانڈ منظور کرتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔
جج زبیر شہزاد کیانی نے استفسار کیا کہ آپ بتائیں کہ آپ کتنے دن کے لیے راضی ہیں، جس پر وکیل نے کہا کہ پیر تک ریمانڈ دیا جائے تو کوئی اعتراض نہیں۔ پرویز الٰہی کو بھی کمر کا مسئلہ ہے۔ استدعا ہے کہ پرویز الٰہی کے ذاتی ڈاکٹر کو چیک اپ کی اجازت دی جائے۔
سماعت کے دوران پرویز الٰہی روسٹرم پر آئے اور عدالت کو بتایا کہ میری بھی ایک درخواست ہے، میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ میری درخواست ہے کہ میرے ذاتی ڈاکٹر کو چیک اپ کرنے کی اجازت دی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے پرویز الٰہی کا 29 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا
دریں اثناء احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور میں فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ فوج نے اس ملک کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ میں عدلیہ کو بھی دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور قانون کی حکمرانی کے لیے میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔