اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی عدم پیشی کے باعث ملتوی کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بنچ نے سابق وزیراعظم کی سزا معطلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی، جس میں الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز، ایڈووکیٹ کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے جب کہ امجد پرویز پیش نہیں ہوئے۔
امجد پرویز کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ 8 ماہ سے ہم نے سماعت ملتوی نہیں کی، ڈاکٹر نے بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا ہے
اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سزا معطلی کی درخواست اب اہم مرحلے پر ہے، 15 سے 20 منٹ میں دلائل مکمل ہونے تھے، جمعہ کو ڈی بی نہیں تھی، ہم کیس پیر تک ملتوی کر سکتے تھے لیکن ہم نہیں کیا، ہم ٹرائل کورٹ والاکام نہیں کریں گے، ٹرائل کورٹ نے جو کیا وہ غلط تھا، ہم اسے پیر تک ملتوی کرتے ہیں اور کوئی نہیں آیا تو فیصلہ کریں گے۔
ادھر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ایک شخص 20 دن سے جیل میں ہے تو اسے مزید تین دن جیل میں رکھیں گے؟ پھر ہم عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، جو کرنا ہے کر لیں۔
بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کے امجد پرویز ایڈووکیٹ کی التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔