اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان نے قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے کی ڈنمارک کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ بل قرآن پاک اور دیگر مقدس کتابوں کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دے گا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ بل قرآن پاک اور دیگر مقدس کتب کی بے حرمتی روکنے کے لیے درست سمت میں ایک قدم ہے، مقدس کتابوں کی بے حرمتی اور جلانا مذہبی منافرت کا سنگین فعل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار اور احتجاج کی آڑ میں مقدس کتابوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ ڈنمارک قرآن کی بے حرمتی پر پابندی لگانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ڈنمارک کے وزیر انصاف پیٹر ہملگارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم مذہبی اہمیت کی چیزوں کے ساتھ نامناسب سلوک پر پابندی کے لیے ایک بل پیش کریں گے، جس کا مقصد مذہبی چیزوں کی بے حرمتی کو روکنا ہے