اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل سے پیغام میں کہا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں سے بات کرنے کو تیار ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد قانونی ٹیم نے اٹک جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی صحت مند اور مکمل فٹ ہیں۔ ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک یہ سب مسئلے حل نہ ہوں
بیرسٹر شعیب شاہین کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے پیغام میں کہا کہ ملک میں عدالتوں کا کوئی احترام نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کوئی ڈیل نہیں ہوئی اور میں اس کی تردید کرتا ہوں۔
شعیب شاہین کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے پیغام دیا کہ وہ اپنے راستے سے نہیں ہٹیں گے، جن کے اثاثے باہر ہیں، ڈالر کے بڑھنے سے صرف انہیں ہی فائدہ ہوا، بجلی، گیس مہنگی ہے پی ڈی ایم نے مال کمایا ہے، میری سیاسی جدوجہد اور قربانیاں اس قوم کے لیے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا، چیئرمین پی ٹی آئی نے پیغام میں مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور تمام اداروں سے بات کرنے کو تیار ہیں، بات صرف الیکشن پر ہوگی۔