اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )یوم دفاع و شہدائے پاکستان آج قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی کے ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر مارشل غضنفر لطیف تھے۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں 7 خواتین سمیت 57 کیڈٹس نے حصہ لیا جب کہ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
دوسری جانب صدر پاکستان، نگران وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیف اور افواج پاکستان نے یوم دفاع کے موقع پر شہداء اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو ہم سلام پیش کرتے ہیں، وطن کے بہادر بیٹوں نے دشمن کا بے خوفی سے مقابلہ کیا اور تاریخ کا روشن باب رقم کیا۔
ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا پاکستان قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، یوم دفاع پاکستان کی قومی تاریخ کا روشن باب ہے، اس دن افواج پاکستان نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔
یوم دفاع و شہدا 6 ستمبر کو ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جنہوں نے مادر وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آج سے 58 سال قبل ہماری مسلح افواج اور پوری پاکستانی قوم نے غیر معمولی جرات اور بے مثال جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔