اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ویتنام میں رہائشی اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے 3 بچوں سمیت 30 افراد شدید جھلس کر ہلاک جب کہ 20 شدید زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ویتنام میں کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر پارکنگ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس سے درجنوں موٹر سائیکلیں جل کر راکھ ہو گئیں۔
پارکنگ ایریا میں لگی آگ نے جلد ہی دوسری اور تیسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔امدادی کارروائیوں کے دوران خوفناک آگ میں پھنسے 70 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا جب کہ 54 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 30 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں شدید جھلسنے اور دم گھٹنے سے ہوئیں۔ 20 زخمیوں میں سے 9 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
گنجان آباد علاقے میں واقع اس فلیٹ کی بالکونیاں چھوٹی اور لوہے کی گرلز سے بند تھیں۔ آگ میں پھنسے لوگوں کے لیے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا اور جگہ محدود ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں بھی رکاوٹیں آئیں۔یاد رہے کہ ایک سال قبل ویتنام میں 3 منزلہ بار میں آگ لگنے سے 32 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔ 2018 میں اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے 13 افراد ہلاک ہوئے تھے، جب کہ 2016 میں ہنوئی میں اسی طرح کے ایک حادثے میں اتنی ہی تعداد میں لوگ ہلاک ہوئے تھے۔